بس وہ اتنا ہی چاہتی ہے
کہ اگر وہ بیمار ہے تو آپ پیشانی پر ہاتھ رکھ کر پوچھ لیں کہ کیا ہوا میری زندگی کو، میری جان کو، میری پیاری لاڈلی کو؟ یہ چند الفاظ اس کی طبیعت ٹھیک کرنے کے لئے شاید کافی ہیں ان مہنگی دوائیوں سے جو ڈاکٹرز دیتے ہیں، اور تم غصہ میں کہہ دیتے ہو کہ ایک تو تیرا یہ روز کا مکر سمجھ نہیں آتا، کام کی وجہ سے بیماری کا بہانہ بناتی ہو۔
اور کیا چاہتی ہے وہ ؟
بس یہی کہ جب سارا دن گرمی میں کچن میں خوار ہو کر وہ آپ کے سامنے کھانا نکال کر رکھے اور آپ کھا کر کہیں کہ واہ مزہ آگیا بڑا مزیدار کھانا بنایا ہے اور وہ خوش ہو کر کہے کہ لیجیے اور لیجیے۔
وہ اگر چاہتی ہے کہ آپ کے لئے کوئی سوٹ، جوتا یا کوئی اور چیز پسند کرے اور آپ کہیں کہ کیا بہترین انتخاب اور پسند ہے آپ کی، تو کیا تمہاری عزت نفس کو ٹھیس پہنچے گی؟
بتائیے نہ! اگر وہ غصے میں ہے اور تم اس کی بات سن لو اور اس کو گلے لگا کر اسے دلاسہ دو تو کیا اس سے آپ کی مردانگی پر فرق پڑ جائے گا؟
کیا ہمیشہ وہ ہی غلط ہوتی ہے اور تم ٹھیک ہوتے ہو ؟ کیا آپ یہ بڑاپن نہیں دکھا سکتے کہ اس کا ماتھا چوم کر کہیں کہ میں غلط ہوں میری جان بس آپ ناراض مت ہوں۔
ہاتھ اٹھاتے وقت یہ کیوں بھول جاتے ہو کہ اس سے آپ اپنی غلطی کو درست ثابت نہیں کر سکوگے اور جب معاملہ بات کرکے حل ہو سکتا ہے تو ہاتھ سے بات کرنا کونسی دانشمندی ہے؟
کیا اس کا نام پیار سے پکارنا ، چھوٹی چھوٹی باتوں پر تسلی دینا، ہر عام موقع کو خاص بنانے کی کوشش کرنا ، بارش برستی ہو اور اس کا ہاتھ پکڑنا اور اسے صرف اتنا کہنا کہ یہ بارش گواہ ہے کہ میں تم سے بہت محبت کرتا ہوں، کیا یہ مشکل امر ہے؟
کیا موبائل، ٹی وی اور اخبارات و جرائد سے نظریں ہٹا کر ایک بار پیار سے اپنی شریک حیات کو دیکھنا اور مسکرانا آپ کی توہین ہے؟
کھانا وہ بناتی ہے، پیش بھی وہی کرتی ہے، اگر کسی دن آپ اپنے ہاتھ سے اس کو بنا کر کھلا دو یا اپنے ہاتھ سے اس کے منہ میں لقمہ ڈال دو تو آپ کی انا کو کوئی ٹھیس پہنچ جائے گی؟
ایسی کونسی قیامت آئے گی اگر کہوگے کہ آج تو تم بہت اچھی لگ رہی ہو ۔ یہ سوٹ تم پر جچتا ہے، یہ چوڑیاں تمہاری کلائیوں پر بڑی پیاری لگ رہی ہیں، یہ کلر بہت خوبصورت ہے۔
کتنا آسان ہے نا ایک عورت کا دل جیتنا لیکن ہماری لاپرواہی، جھوٹے غرور، مردانگی، ضد، ہٹ دھرمی اور انا نے کتنا مشکل بنا دیا ہے۔
Assalam Alaikum, how to share these posts because there is no option to share them.please let me know
ReplyDelete